ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اجیت پوار کے سبب اب بی جے پی کے اراکین اسمبلی میں بھی بے چینی

اجیت پوار کے سبب اب بی جے پی کے اراکین اسمبلی میں بھی بے چینی

Mon, 10 Jul 2023 11:00:24    S.O. News Service

ممبئی، 10/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) مہاراشٹر میں سیاسی بھونچال سے پیدا ہونے حالات ابھی معمول پر نہیں لوٹےکیوں کہ نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کو اپنے اراکین اسمبلی کے سامنے یہ وضاحت کرنی پڑ رہی ہے کہ این سی پی کے شامل ہونے سے کیا فائدے ہیں  ۔اجیت پوار اور این سی پی کے دیگر لیڈروں کو مہاراشٹر حکومت میں شامل کئے جانے کے بعد شندے گروپ سے تعلق رکھنے والے شیو سینا کے اراکین اسمبلی کی بے چینی پہلے ہی سامنے آ چکی تھی اور اب بی جے پی کے اراکین اسمبلی بھی اسی وجہ سے سخت پریشان اور نالاں ہیں کہ کابینہ کے اہم عہدے اجیت پوار گروپ کو دئیے جارہے ہیں۔  

 خیال رہے کہ کئی مہینوں سے شندے گروپ کے اراکین یہ عہدے مانگ رہے تھے لیکن یہ عہدے ممکنہ طور پر این سی پی گروپ کو مل گئے ہیں۔ اب اسی تعلق سے  بی جے پی کیمپ سے بھی ایسی ہی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ اسی لئے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس انہیں تسلی دینے اور سمجھانے پر مجبور ہو گئے۔ اطلاعات ہیں کہ فرنویس نے گزشتہ روز ایک میٹنگ کرکے ان ا راکین اسمبلی کو سمجھایا کہ انہیں جلد ہی اچھا `انعام دیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ فرنویس نے جنوبی ممبئی کے ایک کلب میں بی جے پی کے ایم ایل ایز کے ساتھ میٹنگ کی، جس میں ناراض ایم ایل ایز نے سوال کیا کہ جس پارٹی کا نظریہ بی جے پی کیلئے ہمیشہ سے مشکوک تھا، اسے بی جے پی  کے اراکین اسمبلی سے زیادہ اہم عہدے کیوں دئیے جارہے ہیں؟

 ذرائع کے مطابق فرنویس کا جواب تھا کہ ہم یہ بات نظر انداز نہیں کر رہے ہیں لیکن وہ مودی  حکومت کی پالیسیوں کی طرف متوجہ  ہوئے ہیں اور پھر یہ اعلیٰ کمان کا حکم بھی ہے اس لئے فی الحال سبھی کو خاموش بیٹھنا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ بی جے پی اراکین فرنویس کے اس جواب سےمطمئن نہیں ہوئے جس کی وجہ سےفرنویس کو یہ کہنے پر مجبور ہونا پڑا کہ اپوزیشن کو کمزور کرنے کیلئےکچھ تو کرنا ہی تھا  اسی  لئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے لیکن جلد ہی کابینہ میں توسیع کی جائے گی اور آپ میں سے بہت سے لوگوں کو اس میں جگہ دی جائے گی۔لیکن ناراض ایم ایل اے اس جواب سے بھی مطمئن نہیں ہوئے۔  انہوں نے کہا کہ  مہاراشٹر میںاپوزیشن اتحاد ہمیشہ کی طرح مضبوط ہے اور موجودہ حالات اسے عوام کی ہمدردی بھی دلادی ہے۔


Share: